بورے والا + گگو منڈی (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگاران) نواحی گاؤں 201 ای بی کے قریب کار اور منی ٹرک میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں تین بچوں سمیت ایک خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اور دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔ تفصیل کے مطابق محمد ارشاد سکنہ محمد نگر اپنی فیملی کے ہمراہ کار پر سوار ہو کر پاکپتن جا رہا تھا کہ جب وہ 201 ای بی کے قریب پہنچے تو تیز رفتار مزدا ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی۔ حادثے میں میاں بیوی‘ انکے ایک بچے اور دو بھانجوں سمیت 5 افراد جاں بحق گئے۔ بچے شدید زخمی‘ دونوں کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ بدقسمت تاجر کا ایک کمسن بیٹا رضا اور بھانجا ارشاد شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کی نعشوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال بورے والا منتقل کر دیا۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 8 اور 13 سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ دونوں زخمی بچوں کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا۔رائیونڈ کھارا چوک پر رتیز رفتار کار بے قابو ہو کر رائیونڈ واپڈا دفتر کے گیٹ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں کار میں سوار تین دوست موقع پر ہی جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ رائیونڈ کے نواحی علاقہ امین پورہ بستی کے رہائشی چھ دوست لاہور سے اپنی کار پر رائیونڈ کی طرف جارہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث کار رائیونڈ کھارا چوک پر بے قابو ہو کر واپڈادفتر کے گیٹ سے ٹکرا گئی ۔ حادثہ کے نتیجہ میں تین نوجوان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے نوجوانوںکی شناخت شہروز، خرم اور رازق کے ناموں سے ہوئی ہے۔ جبکہ زخمیوں میں عابد، غلام نبی اور اویس شامل ہیں۔