سجادہ نشین چورہ شریف پیر سید محمد کبیر علی شاہ انتقال کر گئے

Jun 13, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) چورہ شریف کے روحانی پیشوا، سجادہ نشین دربار عالیہ چورہ شریف الحاج پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی مجددی بانی و مرکزی امیر عالمی چادر اوڑھ تحریک پاکستان جمعۃ المبارک کو علی الصبح حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔ نماز جنازہ قبرستان داتا ہنجر پیر ہنجر وال ملتان روڈ میں ادا کی گئی۔ مرحوم کے صاحبزادے پیر سید حافظ احمد مصطفین گیلانی نے نماز جنازہ پڑھائی جس میں مولانا عبدالستار سعیدی، مولانا محمد احمد لدھیانوی، پیر سید ضیاء الحق نقشبندی، لیا قت بلوچ ہزاروں مریدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی بالخصوص مذہبی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرحوم کے ایک صاحبزادے پیر سید ثقلین حیدر شاہ امریکہ میں قیام کے باعث جنازے شرکت نہ کر سکے۔ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے دور میں بعض واقعات کے بعد پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی نے چادر اوڑھ تحریک کا اعلان کیا اور لاکھوں کی تعداد میں بے پردہ خواتین کے سروں پر چادر رکھی۔ پیر سید محمد کبیر علی شاہ گیلانی کے سوگواران میں دو بیٹے سید احمد مصطفین گیلانی اور سید سبطین گیلانی شامل ہیں۔ پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی نے کہا کہ پیر سید محمد کبیر علی شاہ داعی اتحاد بین المسلین اور تحریک چادر اوڑھ پاکستان کے امیر کے انتقال سے امت مسلمہ کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں ایک سو سے زائد مساجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ چادر اوڑھ تحریک کے ذریعے ہزاروں خواتین کو حجاب اور پردے کا شوق پیدا کیا۔ اسلامی احکامات کے حوالے سے کئی کتابیں تصنیف کیں۔ انہیں جمعیت علمائے پاکستان کے بنیادی ارکان خواجہ قمرالدین سیالویؒ اور صاحبزادہ سید فیض الحسنؒ آلو مہاروی کے ساتھ کام کا موقع ملا۔ ان کا ختم قل کل اتوار کو خیابان چورہ شریف ہنجروال میں بعد از نماز ظہر ہوگا۔ دعا بعد نماز عصر ہوگی۔

مزیدخبریں