ننکانہ صاحب (نامہ نگار) وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ ٹراما سنٹر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب میںہی بنے گا۔ ٹراما سنٹر کی شاہکوٹ یا سانگلہ ہل منتقلی کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کلب ننکانہ صاحب میں صحافیوں سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل لوگ بابا گورونانک یونیورسٹی کو بھی اسلام آباد اور شیخوپورہ منتقل ہونے کی باتیں کرتے تھے مگر میں نے ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک یونیورسٹی کا کام شروع کروایا ہے۔ جس کی عمارت تعمیر کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم آج کل کے دور کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قصبہ سیدوالا میں بنیادی مرکز صحت کو اپ گریڈ کر کے بہت جلد 78بیڈز پر مشتمل ایک جدید ہسپتال بنایا جائے گا تاکہ دیہی اور پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ان کی دہلیز پر ہی علاج و معالجہ کی جدید سہولیات میسر آسکیں۔ اس سال ننکانہ صاحب میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائوں گا جو حلقہ بھر میں نظر بھی آئیں گے۔ بہت جلد ننکانہ صاحب میں سوئی گیس کے دفتر کا افتتاح ہو جائے گا۔