پنجاب ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میں جاری 3ماہ دورانیہ کا پہلا پروموشن کورس

لاہور(نامہ نگار) پنجاب ایمرجنسی سروسزاکیڈمی میں جاری 3ماہ دورانیہ کا پہلا پروموشن کورس گزشتہ روز اختتام پذیر ہوا اس سلسلے میں منیجرز ٹریننگ سنٹر میں اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹررضوان نصیر تھے۔رجسٹرار اکیڈمی ڈاکٹر محمد فرحان خالد،ڈپٹی دائریکٹر ایچ آر ڈاکٹرفواد شہزاد مرزا،ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ایاز اسلم ،اکیڈمی کے انسٹرکٹرز اور کورس میں شریک شفٹ انچارجز نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ریسکیو ڈاکٹررضوان نصیر نے کہا کہ جونیئر مینجمنٹ کی پیشہ وارانہ صلاحیت میںنکھار لانے کیلئے 12ہفتوں پر مشتمل طویل دورانئے کا پہلا پرموشن کورس منعقد کیا گیا۔ جونیئر منیجرز کا کرداربہت اہم ہوتا ہے کیونکہ وہ ایمرجنسی عملے اور ایمرجنسی رسپانس یونٹ کی اعلیٰ قیادت سے براہ راست رابطے میں ہوتے ہیں۔جونیئر منیجرزکی پیشہ وارانہ تیاریاں، فیلڈ ریسکیو آپریشنز،انتظامی معاملات کی دیکھ بھال کیلئے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے بارے میں انکی سمجھ بوجھ سروس کی فراہمی کے معیار کو یکساں رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔ڈی جی ریسکیو پنجاب نے جونیئرمینجمنٹ کے پہلے پروموشن کورس کے کامیاب انعقاد پر ایمرجنسی سروسزاکیڈمی کی ٹیم اور شریک جونیئر منیجرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس بل میں ترمیم کے بغیر پروموشن کورسز کاآغاز ناممکن تھا۔انہوں نے پنجاب ایمرجنسی سروسزترمیمی بل 2021ء کے ذریعہ فراہم کردہ سروس سٹرکچر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل پنجاب بھر میں ریسکیوسروس کی خدمات  بلا تعطل فراہمی کی وجہ سے منظور ہوا۔اب ریسکیو اسٹاف کو بروقت اگلے سکیلوں میں ترقی دی جائے گی اور اس پروموشن کورس کا انعقاد بھی اس سلسلے کیا ایک کڑی ہے۔

ای پیپر دی نیشن