کینیڈامیں شہید پاکستانی فیملی کی نماز جنازہ، سینکڑوں افراد کی شرکت

Jun 13, 2021

اوٹاوا (آئی این پی) کینیڈا کے صوبہ انٹاریو کے شہر لندن میں گزشتہ اتوار کو المناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہدا کی نماز جنازہ  لندن اسلامک سنٹر میں ادا کردی گئی جس میں کینیڈا میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ اور قونصل جنرل ٹورنٹو عبد الحمیدنے بھی شرکت کی۔ کینیڈا کے صوبہ انٹاریو کے شہر لندن میں گذشتہ اتوار کو المناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہدا کی نماز جنازہ کے لیے لندن اسلامک سنٹر میں لوگوں کی آمد تین گھنٹے پہلے سے شروع ہو گئی۔ نماز جنازہ مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر دو بجے اور پاکستانی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں شرکت کے لیے کینیڈا میں پاکستان کے سفیر رضا بشیر تارڑ اورقونصل جنرل ٹورنٹو عبدالحمید بھی مقررہ وقت سے دوگھنٹے پہلے جنازہ گاہ پہنچے۔ جنازہ سے قبل سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے شہدا کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے تعزیت کے پیغامات پہنچائے۔ جنازہ میں کووڈ کے باعث بھاری اجتماع پر پابندیوں کے باوجود ایس او پیز میں سینکڑوں کی تعداد میں کینیڈین، پاکستانیوں اور مقامی مسلمانوں نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں