اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری نفرت انگیز مواد، انتہاپسندی روکنے کیلئے اقدامات کرے، کینیڈا میں پاکستانی نژاد خاندان کے قتل پر عوام حیران ہیں، اس حملے کیخلاف سخت ایکشن لینا ہوگا۔وزیراعظم عمران خان نے کینیڈین چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نفرت انگیز ویب سائٹس ہیں جو انسانوں میں نفرت پیدا کرتی ہیں، ان ویب سائٹس کے خلاف بین الاقوامی سطح پر کارروائی ہونی چاہیے، کینیڈا کے وزیراعظم سے یہ معاملہ اٹھایا ہے، کینیڈین وزیراعظم اسلامو فوبیا سے لڑنے کی اہمیت سمجھتے ہیں، اگر عالمی رہنما فیصلہ کریں ایکشن لینے کا تو یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔علاوہ ازیں ٹویٹ کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اپنے حصہ سے زیادہ کام کررہا ہے اوراس کے پیچھے اپنی آنے والوں نسلوں کے بارے میں سوچ کارفرما ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیر اعظم عمران خان نے12۔ 2011 کے وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلیوں کے بجٹ سے لے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا ٹیبل دیتے ہوئے کہاکہ آئندہ مالی سال کے لئے وزارت موسمیاتی تبدیلیوں کا بجٹ 14 ارب 50 کروڑ روپے سے زیادہ ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں12۔ 2011 میں یہ بجٹ 5 کروڑ تھا۔عمران خان نے کہا کہ 13۔2012 میں یہ بجٹ 13 کروڑ 50 لاکھ روپے تھا۔مسلم لیگ (ن) کے دور میں پہلے سال14۔2013میں یہ بجٹ 6 کروڑ87 لاکھ روپے،15۔2014 میں یہ بجٹ 2 کروڑ 51 لاکھ،16۔2015 میں 3 کروڑ 97 لاکھ،17۔2016 میں 2 کروڑ 70 لاکھ اور مالی سال18۔2017 میں 81 کروڑ 50 لاکھ روپے اورآخری مالی سال19۔ 2018 میں 80 کروڑ 26 لاکھ روپے مختص کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے پہلے مالی سال20۔ 2019 میں 7 ارب 57 کروڑ 90 لاکھ،21۔ 2020 میں 6 ارب اور اب مالی سال22۔ 2021 کے لئے 14 ارب 50 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان 2 دن کی چھٹیاں گزارنے سیاحتی مقام نتھیا گلی پہنچ گئے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم موسم کی خرابی کے باعث اسلام آباد سے ایبٹ آباد ہیلی کاپٹر پر پہنچے جہاں سے وہ براستہ سڑک نتھیا گلی گئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کامعاون عملہ اور سکیورٹی سٹاف بھی نتھیاگلی میں موجود ہے جبکہ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان بھی آج کل نتھیا گلی میں ہیں۔
عالمی برادری نفرت انگیز مواد، انتہاپسندی روکنے کیلئے اقدامات کرے: وزیراعظم
Jun 13, 2021