ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار 662 میگاواٹ ہوگیا 

لاہور + اسلام آباد+ سیالکوٹ+ گجرات (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) ملک میں بجلی کا شارٹ فال4 ہزار662 میگاواٹ ہو گیا۔ لاہور،سیالکوٹ، گجرات، اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروںمیں لوڈشیڈنگ کے باعث شہری پریشان ہوکر رہ گئے، سیالکوٹ میں تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق بجلی کی مجموعی پیداوار 21 ہزار 838 میگاواٹ ہے جبکہ طلب 26 ہزار 500 میگاواٹ ہے۔ دیہی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیدنگ کا دورانیہ 12 سے 14 گھنٹے جبکہ شہری علاقوں میں دورانیہ8 گھنٹے تک ہے۔ بجلی کی بلا تعطل فراہمی تاحال ممکن نہ ہو سکی۔ شدید گرم موسم کے ساتھ بجلی کی عدم دستیابی مسائل بڑھانے لگی۔ بجلی سسٹم اوور لوڈ ہونے سے ٹرپنگ کی شکایات بھی بڑھ گئیں۔ ٹرانسفارمرز خرابی کے مسائل بھی بدستور موجود ہیں جس کے سبب کئی کئی گھنٹے بجلی بند ہوتی ہے۔لیسکو کو بدستور 600 میگا واٹ تک بجلی شارٹ فال کا سامنا ہے، شہری علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے بجلی بندش کا شیڈول ہے، دیہی علاقوں میں کم از کم8 گھنٹے تک بجلی بندش دورانیہ ہے۔ تکنیکی خرابیوں سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شیڈول سے ہٹ کر بھی بجلی بند رہتی ہے۔ ادھر سیالکوٹ اور گردو نواح کے علاقوں میں 12 گھنٹے سے زائد بجلی کا دورانیہ چل رہا ہے ۔دیہی علاقوںمیں کئی کئی گھنٹے بجلی بند کر کے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کیا جا رہا ہے ۔ بجلی بند رہنے سے کاروباری نظام زندگی مفلوج ہو چکی ہے جبکہ تاجر برادری بھی سراپااحتجاج ہیں۔ ادھر گجرات میں شدید گرمی کے دوران لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی 14سے 16گھنٹے تک پہنچ گیا شہری و دیہی علاقوں میں دو گھنٹے مسلسل بجلی بند رہنا معمول بن گیا۔ مساجد، عبادت گاہوں میں لوگ بارش کیلئے خصوصی دعائیں بھی مانگنے لگے۔

ای پیپر دی نیشن