اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ میں معاشی طور پر کمزور طبقات کو سبسڈی دی گئی ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلی حکومت کے مقابلے میں یہ بجٹ کئی طرح کی نمایاں بہتری دکھا رہا ہے، نوجوانوں کو تعلیم کے زیادہ مواقع فراہم کئے گئے ہیں جن میں بلوچستان کو خاص طور پر اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور طبقات کو سبسڈی دی گئی ہے، سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ امیروں کے غیر پیداواری اثاثوں پر ٹیکس لگادیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی پر فوری اقدامات کی ہدایات کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اتوار کو پی ایم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ نشیبی علاقوں اور زیادہ بارشوں کی زد میں آنے والے علاقوں میں ابھی سے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیشگی حفاظتی انتظامات اور امدادی سازوسامان کی دستیابی کے لئے بروقت اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے زرعی علاقوں میں فصلوں، مویشیوں کی حفاظت اور نقصانات سے بچنے کی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کے مکینوں کو بروقت خبردار کیا جائے، محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائی جائے، نکاسی آب، نالوں اور آبی گزرگاہوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور سپرے کے انتظامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی نئی ویزاپالیسی افغان بھائیوں کی مدد کی عکاس ہے۔ ٹرانزٹ ویزے سے سفر کیلئے کاغذی کارروائیاں مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔ عالمی برادری کو بھی افغان عوام کی مدد کیلئے آ گے بڑھنا چاہئے۔
بجٹ سابق حکومت سے بہتر ، امیروں پر ٹیکس ، غریبوں نوجوانوں کو سہولت دی : شہباز شریف
Jun 13, 2022