عدالتی فیصلے کے تحت پرائیویٹ تعلیمی ادارے تعطیلات کی فیسیں یکمشت وصول نہیں کر سکتے


راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق کوئی پرائیویٹ تعلیمی ادارہ گرمیوں کی تعطیلات کی 2 ماہ کی فیسیں یکمشت وصول نہیں کر سکتا اگر وصول کرے گا تو کارروائی کی جائیگی۔گرمیوں کی تعطیلات میں کھلنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف بھی کاروائی کا فیصلہ ، ڈینگی کی روک تھام کے لیے ایپسما ماضی کی طرح اب بھی اپنا کردار ادا کرے۔  ان خیالات کا اظہار چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی  محمد اعظم کاشف نے پرائیویٹ سیکٹر اور ضلع بھر کے میل فیمیل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز ایلیمنٹری و سیکنڈری،  ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز ایلیمنٹری و سیکنڈری کے بلائے گئے اہم اجلاس میں کیا۔نجی تعلیمی سیکٹر کی نمائندگی  ممبر ڈی۔آر۔اے ابرار احمد خان، کرنل ر فواد حنیف،  وقار احمد شیخ،  اور راجہ نعمان قمر نے کی۔  محمد اعظم کاشف نے  اس اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ نجی تعلیمی اداروں کے مالکان   عدالت عالیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 2 ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات کی فیسیں اکٹھی وصول کر رہے ہیں اور شدید گرمی میں تعلیمی سرگرمیاں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے تمام آفسیرز کو ایسے تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کاروائی کے احکامات جاری کردئیے۔  اس موقع پر ممبر ڈی آر اے ابرار احمد خان نے کہا  کے والدین ہمیں ایک ماہ کی فیسیں دینے کے لیے آمادہ  نہیں ہیں دو ماہ کی فیسیں کیسے ادا کریں گے تاہم  پرائیویٹ سیکٹر  عدالت عالیہ کے احکامات کی پابندی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع راولپنڈی کے بیشتر تعلیمی ادارے بند ہوچکے ہیں۔ فوکل پرسن برائے انسداد ڈینگی مہم  ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کلر سیداں محمد داد کیانی نے  سیکرٹری ایجوکیشن پنجاب کی طرف سے  راولپنڈی ضلع میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے  اقدامات کا ذکر کیا  انہوں نے کہا کہ لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے  واک اور سیمینار  کا انعقاد  وقت کی اہم ضرورت ہے۔  ڈینگی لاروا کی پرورش کے لیے یہ دو ماہ انتہائی اہم ہیں  اس لئے ہم سب نے مل کر اس کا قلع قمع کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن