اسلام آباد(خبرنگار) پاکستان کیمسٹ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چئیرمین اسحٰق میو نے کہا ہے کہ پنجاب فارمیسی کونسل میں جعلی کیٹیگری۔B کا دھندہ کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف عبرت ناک کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ فارمیسی ایجوکیشن جیسا اہم شعبہ کرپشن سے مستقبل میں محفوظ رہ سکے اور فارمیسی ڈگریاں سکوّں کے عوض تول کر بچنے کا گھناونا کاروبار ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہو سکے ،پاکستان کیمسٹ ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب فارمیسی کونسل میں جعلی کاغذات داخل کروانے کی سہولت دی گئی پھر اِن جعلی کاغذات اور اسناد پر رول نمبر جاری کئے گئے پھر پنجاب فارمیسی کونسل کے عملہ کی
ملی بھگت سے اِن جرائم پیشہ افراد کو امتحانات میں بٹھایا ۔اِن کو باقاعدہ کیٹگری۔B فارمیسی کی سند جاری کی گئی اور عوام کی صحت اور جان سے کھیلنے کے لئے اِن جعلی کیٹگریوں پر چیف ڈرگز کنٹرولر کے آفس سے ڈرگ لائسنس جاری کئے گئے۔ اسحٰق میو نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب فارمیسی کونسل کے اعلیٰ افسران اور ملوث کلرکوں کے خلاف F.I.A اور اینٹی کرپشن سے تحقیقات کروائی جائیں۔
.