لاہور (اے پی پی) وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا۔ ایئر پورٹ پر سول ایوی ایشن حکام، نیسپاک اور پی آئی اے انتظامیہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاہور ایئر پورٹ پر آپریشنل مشکلات کا جائزہ لیا گیا، مسافروں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لئے تجاویز پیش کی گئیں، زیر تعمیر رن وے زیر بحث لایا گیا اورلاہور ایئر پورٹ کے توسیعی منصوبے کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ خواجہ سعد رفیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ایئر پورٹ کی توسیع اشد ضروری ہے کیونکہ پروازوں کے یکجا ہونے سے مسافروں کو مشکلات پیش آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ کی حدود میں پرندوں کی موجودگی فلائٹ سیفٹی میں حائل ہوتی ہے ان کی روک تھام کے لئے ایک جامع لائحہ عمل وضع کیا جائے۔ سکیورٹی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر ہوا بازی نے کہا کہ سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ہوا بازی کو لاہور ایئر پورٹ کے بین الاقوامی اور اندرون ملک لائونجز الگ الگ کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
سعد رفیق
سعد رفیق کا دورہ لاہور ائرپورٹ:آپریشنل مشکلات کا جائزہ
Jun 13, 2022