لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نیوز رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فرسودہ سودی نظام نے عوام کی زندگی کو اجیرن بنا دیا۔74 سالوں سے جاری کشکول مشن کو چھوڑ کر خود کفالت کا رستہ اپنانا ہو گا۔ جماعت اسلامی 25 جون سے سودی معیشت، مہنگائی اور کرپشن کے خلاف ٹرین مارچ کا آغاز کرے گی۔ سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کے دو ٹوک فیصلے کے باوجود حکومت نے ابھی تک اس پر عمل درآمد کے لیے ایک قدم بھی نہیںاٹھایا۔ جماعت اسلامی فیصلے پر مکمل عمل درآمد تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ حکومت اسلام آباد سے بھارتی سفیر کو واپس بھیجے اور نئی دہلی سے پاکستانی سفیر کو واپس بلایا جائے۔ اس صورتحال میں پاکستان کا ہر شہری ہندوستان سے کسی قسم کے تعلقات نہیں چاہتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی یوتھ بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ٹرین مارچ کے حوالے سے پلاننگ اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری مرکزی صدر جے آئی یوتھ زبیر احمد گوندل، امیر لاہور ذکر اللہ مجاہد سمیت ملک بھر سے ارکان یوتھ بورڈ نے بھی شرکت کی۔ سراج الحق نے کہا کہ حکمران اللہ کو ناراض کر کے گذشتہ کئی دہائیوں سے آئی ایم ایف کی خوشنودی کے لیے کام کر رہے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے۔ نوجوان ملک و ملت کا سرمایہ ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ اب نوجوان جھوٹ کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے حق اور سچ کا ساتھ دیں۔ بلدیاتی انتخابات میں بڑی تعداد میں یوتھ کو ٹکٹیںدیں گے۔ بھارت میں بی جے پی کی حکومت مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ پاکستان کا بچہ بچہ حرمت رسولﷺ پر جان دینے کے لیے تیار ہے۔ ادھر اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے سراج الحق سے ملاقات کی۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے مہنگائی اور سودی نظام کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کے ٹرین مارچ میں بھی بھر پور شر کت کا اعلان کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ حرمت رسول ﷺ کی حمایت اور سودی نظام کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ تمام اضلاع کے عہدیداروں اور کارکنان کو ٹرین مارچ میں شر کت کے لیے بھر پور تیاریوں کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ پاکستان اس وقت تک بحرانوں سے نہیں نکل سکتا جب تک عوام آئی ایم ایف کے ایجنٹوں اور بار بار آزمائے ہوئے سیاستدانوں کو مسترد کر کے محب وطن اور دینی قیادت کو آگے نہیں لاتی۔
سراج الحق