ماسکو‘ کیف (انٹرنیشنل ڈیسک+ آئی این پی) روس نے یوکرائن میں میزائل حملے میں اسلحہ ڈپو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق قصبے میں روسی میزائل حملے سے 22 افراد زخمی ہوگئے۔ یوکرینی حکام کے مطابق مغربی قصبے میں روس نے ہفتے کے روز چار میزائل فائر کیے تھے، حملے میں فوجی تنصیب اور رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا جبکہ زخمی افراد میں سات خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرائن کے مغربی قصبے میں میزائل حملے میں اسلحہ ڈپو تباہ بھی کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسلحہ ڈپو میں امریکا اور یورپی ممالک کے فراہم کردہ اینٹی ٹینک میزائل سسٹم، پورٹیبل ائیر ڈیفنس سسٹم، شیل اور دیگر ہتھیار موجود تھے۔ مشرقی یوکرائن کے شہر سیوئرو ڈونیسٹک میں روسی اور یوکرینی افواج کے مابین گھمسان کی لڑائی بدستور جاری ہے۔ لوہانسک کے گورنر نے بتایا ہے کہ شہر کے صنعتی علاقے اور کیمیکل پلانٹ پر ابھی تک یوکرائن کا کنٹرول برقرار ہے۔ اس پلانٹ میں سینکڑوں شہری پناہ لیے ہوئے ہیں۔ تاہم روسی افواج پیش قدمی کی خاطر شیلنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس شہر کے زیادہ تر حصے پر روسی فوج قابض ہو چکی ہے، جو دراصل سیوئروڈونیسٹک کو فتح کرنے کے بعد ڈونباس ریجن پر بھی قبضہ کرنا چاہتی ہے۔
یوکرائن