فیصل آباد (این این آئی )ایس ایم ای سیکٹر اور کاروباری خواتین کے مالی مسائل حل کر کے پاکستانی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر آگے بڑھایا جا سکتا ہے جبکہ سٹیٹ بنک اس سلسلہ میں 10ملین روپے تک کے کولیٹرل فری قرضے بھی دے رہا ہے۔ یہ بات سٹیٹ بنک کی بنکنگ سروس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد اشرف خاں نے ایس ایم ای آسان فنانس سکیم کے حوالے سے آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جس میں فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ اور دیگر تجارتی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے فیصل آباد ریجن کی معاشی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ یہ خطہ ملک کی مجموعی معیشت میں قابل قدر کردار ادا کر رہا ہے مگر ابھی تک ہم یہاں کے ایس ایم ای سیکٹر اور کاروباری خواتین کی صلاحیتوں سے پوری طرح استفادہ نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ اِن دونوں شعبوں کا سب سے بڑا مسئلہ مالی وسائل کی کمی ہے، جسے حل کرنے کیلئے ایس ایم ای آسان فنانس سکیم متعارف کرائی گئی ۔ اس مقصد کیلئے126بلین روپے مختص کئے گئے جو مختلف کمرشل بنکوں کے ذریعے تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد بنکنگ ریجن کے چھ اضلاع میں اب تک 40ملین روپے کے کولیٹرل فری قرضے دیئے جا چکے ہیں جبکہ بنکوں کی کڑی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے تاکہ اِن قرضوں کی تقسیم میں غیر ضروری تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ قرضے کیلئے ڈاکومنٹیشن مکمل ہونے کے بعد15دنوں میں متعلقہ بنک کیلئے لازمی ہو گا کہ وہ درخواست دہندہ کو قرضے کے اجراء کے بارے میں آگاہ کرے۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ اور دیگر اداروں کے نمائندوں کی کوششوں کو بھی سراہا جو مالیاتی لحاظ سے آگاہی بڑھانے کیلئے کوشاں ہیں۔
فیصل آباد کے ایس ایم ای سیکٹرسے بھرپور استفادہ نہیں کر سکے،اشرف خاں
Jun 13, 2022