لاہور( این این آئی)مقامی سطح پر مارکیٹ میں روزگار کے مواقع کی کمی اور کرونا وائرس کی وبا کے بعد 2021 ء میں بیرون ملک ملازمتیں تلاش کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 27.6 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔بیورو آف امیگریشن اوورسیز ایمپلائمنٹ کی رپورٹ کے مطابق 2021 ء میں بیرون ملک ملازمت کے لیے 2لاکھ 86ہزار 648 افراد نے اپنی رجسٹریشن کرائی جو اس سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 27.6 فیصد زیادہ ہے۔ 2021 ء میں غیر ہنر مند پاکستانیوں میں سے 54 فیصدنے سعودی عرب، 13.4 فیصدنے عمان اور 13.2 فیصدنے قطر کے لیے رجسٹریشن کرائی، 2020 ء کے مقابلے میں 2021 ء میں رجسٹرڈ تارکین وطن کی تعداد میں مجموعی طور پر بڑا اضافہ دیکھا گیا ۔بیرونِ ملک کے لیے رجسٹریشن کرانے والے سب سے زیادہ افراد کا تعلق پنجاب سے ہے، جن کی تعداد ایک لاکھ 56ہزار 877 ، اس کے بعد خیبرپی کے میں 76ہزار 213 افراد تھے۔ حکومت کا خیال ہے کہ آنے والے مہینوں میں مختلف ممالک میں ملازمت کے مواقع ملنے کے بعد انسانی وسائل کی طلب میں بہتری آنے کا امکان ہے۔5 ترجیحی ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ملائیشیاء ، قطر، اور عمان کیساتھ ساتھ دیگر 5 غیر روایتی ممالک بھی ترجیحات کا حصہ ہیں جن میں کویت، جنوبی کوریا، جاپان کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار ،اسی طرح روزگار کے متلاشی افراد کو جرمنی اور چین بھی بھیجا جائے گا۔
نوکری کیلئے بیرونِ ملک جانے والوں کی تعداد میں 27.6 فیصد اضافہ
Jun 13, 2022