ریٹیلرز پر فکس ٹیکس، شرح مزید کم ہونی چاہیے ،انجمن تاجران

لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ریٹیلرز پر فکس ٹیکس کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہاہے کہ بجٹ کی حتمی منظوری سے قبل سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کر لی جائے تو بہترین نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ایف بی آر کو گیس اور بجلی کے کنکشن منقطع کرنے کا اختیار دینے پر اعتراض نہیں تاہم اعتماد کی فضاء بر قرار رکھنے کیلئے تاجر تنظیموں کو اعتمادمیں لیا جانا چاہیے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ لاہور چیمبرز ، ایسوسی ایشنز اور تاجر تنظیموں کی تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنایا گیا ، جس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال قوم کی خون پسینے کی کمائی کے 3950ارب روپے قرض اور سود کی ادائیگی میں چلے جائیں گے ،جس پر انتہائی دکھ ہے، حکومت کو چاہیے کہ بجٹ میں قرض اتارنے کی پالیسی کا بھی اعلان کیاجاتا ، وزارتوں کا بجٹ اب بھی بہت زیادہ ، مزید کٹوتی ہونی چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ جائیداد کی منتقلی پر ودہولڈنگ ٹیکس سے مہنگائی بڑھے گی اس حوالے سے کیٹگریز بنائی جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ ریٹیلرز پر فکس ٹیکس سے متعلق سٹیک ہولڈرز سے بات چیت کی جائے اور اس کی شرح مزید کم ہونی چاہیے ۔

ای پیپر دی نیشن