لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررزاینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے آئند ہ مالی سال کے بجٹ کومشکل حالات میں متوازن بجٹ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کو دبائو سے نکالنے کیلئے برآمدات سے جڑے شعبوں کی مشکلات کا ازالہ کرنا ہوگا،وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے برآمدی صنعتوں کے خام مال پر تمام ٹیکسزختم کرنے کے اعلان پر بلا تاخیر عملدرآمد ہونا چاہیے ۔ ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں اعجاز الرحمان، ممبر ریاض احمد،سعید خان،عثمان اشرف، محمد اکبر ملک سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ عبداللطیف ملک نے کہا کہ حکومت نے دستیاب وسائل میں بہترین بجٹ پیش کیا تاہم معیشت کی ترقی کیلئے انقلابی فیصلے بھی نا گزیر ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کئے بغیر معیشت کو مضبوط بنیادیں مہیا نہیں ہوسکتیں ، اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت موجودہ حالات میں شدید مشکلات سے دوچار ہے، جس کی کئی وجوہات ہیں ۔ خام اورجزوی تیار خام مال افغانستان کے راستے پاکستان آتا ہے، جسے حتمی تیاری کے بعد سو فیصد برآمد کر دیا جاتا ہے لیکن افغانستان سے خام مال پر ٹیکسز سمیت دیگر مشکلات کا سامنا ہے ۔ وزیر اعظم سے اپیل ہے کہ وہ فالو اپ اور سٹیک ہولڈرز سے روابط کیلئے با اختیار فوکل پرسن مقر ر کریں تاکہ اعلانات کے مثبت نتائج حاصل ہو سکیں جس سے معیشت ترقی کر ے گی ۔