مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف نفرت کی پالیسی پر گامزن ،جوہری کامران اویسی

Jun 13, 2022


کراچی (نیوزڈیسک) محب وطن پاکستانی نوجوان آرگنائزیشن کے چیئرمین جوھری کامران علی اویسی کے زیر اہتمام اور ہندو کونسل پاکستان کے اشتراک سے توہین ناموس رسالت کے خلاف اولڈ کیمپس سے ناموس محمد ﷺ ریلی نکالی گئی ۔ریلی میںمحب وطن پاکستانی نوجوان آرگنائزیشن و ہندو کونسل پاکستان کے ساتھ ساتھ دیگر سیاسی سماجی مذہبی اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں مظاہرین نے مودی سرکار کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔اس موقعے پر مرکزی چیئرمین محب وطن پاکستانی نوجوان آرگنائزیشن کامران علی اویسی،انجینئر مکھی مہیش چند،بھگت کرم چندودیگر نے ہندوستان میں توہین رسالت کے واقعے پر سخت غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی رہنما کی جانب سے توہین آمیز کلمات سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے دل چھلنی ہوئے ہیں او آئی سی کو سخت نوٹس لینا چاہئے ،مودی حکومت مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیزی اور نفرت کی پالیسی پر گامزن ہے، ہندوستانی حکومت کی باقاعدہ سرپرستی میں مسلمانوں پر منظم حملے ہورہے ہیں ،عاشقان رسول اپنے نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کا ایک لفظ بھی برداشت نہیں کرسکتے، ہندوستانی حکومت کو لگام نہ دی گئی تو دنیا کا امن خطرے میں پڑ سکتا ہے، اقوام عالم اس کا نوٹس لیں اور ایسے واقعات کی روک تھام یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی عہدیدارن کی جانب سے سر کار دو عالم ﷺ کی شان میں گستاخی ہندوستان میں اسلام کے خلاف نفرت اور مسلم نسل کشی کی مہم کا حصہ ہے، نبی کریم ﷺ کی شان اقدس میں توہین سے نہ صرف پاکستانی عوام بلکہ دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ عالمی برادری ہندوستان میں اسلاموفوبیا کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔ ہمارے پیارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی سے مسلمانوں کے دل زخمی ہوئے ہیں ہندوستان کی سرزنش کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طور پر بھارت کے سفیر کو ملک بدر کرے۔جبکہ ہندو کونسل پاکستان کے چیئرمین مکھی مھیش چند نے بھی مودی سرکار کے خلاف نعرے لگائے اور کہا کہ کسی صورت حضور ﷺ کی شان میں بیہودہ الفاظ برداش نہیں کریںگے ۔ہم حضور ﷺ کے نام پر اپنی جانیں بھی قربان کردیں گے۔

مزیدخبریں