کراچی(اسپورٹس رپورٹر) شہید بے نظیر بھٹو ایدگاری فٹبال ٹورنامنٹ میں عبدل ایف سی اور بابل اسپورٹس نے اپنی اپنی حریف الشہباز کورنگی اور کورنگی بلوچ کو شکست دے کر کواٹر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا‘ کے ایم سی اسٹیڈیم کے سبزہ زار پر ہونے والے پہلے میچ میں وقفہ تک عبدال ایف سی کو0-3 کی برتری حاصل تھی۔ فاتح ٹیم کے نبیل نے24ویں اور36 ویں منٹ میں د و خوبصورت گول اسکور کئے جبکہ ایک گول39 ویں منٹ میں جمشید نے کیا۔ تین گول کے خسارے میں جانے کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ الشہباز کورنگی ایک بڑے مارجن سے یہ میچ ہار جائے گی لیکن وقفہ کے بعد ان کے فارورڈز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کھیل کا پانسا پلٹ دیا اور کھیل کے58ویں اور61ویں منٹ میں بالترتیب محمد حسن اور محمد حسین نے گول اسکور کرکے دو گول کا خسارہ کم کیا لیکن عمدہ کھیل بھی الشہباز کو شکست نہ بچاسکا‘ دوسرے میچ میں وقفہ تک بابل اسپورٹس کو ایک گول کی برتری حاصل تھی یہ گول جواد نے36ویں میں اسکور کیا جسے دوسرے ہاف کے70 ویں منٹ میں کورنگی بلوچ کے نجیب نے برابر کر دیا لیکن صرف سات منٹ بعد77ویں منٹ میں فاتح ٹیم کے عظمت نے25گز کی دوری سے گیند جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنادی۔ عبدال ایف سی کے نبیل جبکہ بابل اسپورٹس کے جواد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے‘ انٹرنیشنل ایوب عالم اور محمد قاسم مہمان خصوصی تھے ان میچز کو ریفری طاہر قاری اور یونس لال نے راشد عبداللہ‘خالد ثمین خان اور دل مراد کی معاونت سے سپروائز کیا میچ کمشنر کے فرائض نواب آفریدی نے انجام دیئے۔