لاہور کراچی اسلام آباد بھوئے آصل (خبر نگار+ ایجنسیاں+ وقائع نگار+ نامہ نگار) پی ٹی آئی سندھ کے جنرل سیکرٹری مبین جتوئی نے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا۔ مبین جتوئی نے اپنا استعفیٰ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کو بھیج دیا۔ مبین جتوئی نے کہا کہ حلیم عادل شیخ من مانے فیصلے کر رہے ہیں، مشاورت نہیں کی جا رہی۔ پارٹی کیلئے ذاتی حیثیت میں اپنی خدمات پیش کرتا رہوں گا۔ ملتان سے پی ٹی آئی کی سٹی صدر شعبہ خواتین آصفہ سلیم نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ آصفہ سلیم کا ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہوں۔ آصفہ سلیم نے کہا نجی مصروفیات کی وجہ سے سیاست کے لیے وقت نہیں نکال پاﺅں گی۔ تحریک انصاف کی سابق ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا اور رکن سندھ اسمبلی علی جی پی نے بھی پی ٹی آئی چھوڑ دی۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔ ادھر انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت میں عامر کیانی عدالت پیش ہوئے۔ عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج مقدمہ میں عامر کیانی کی ضمانت کنفرم کرنے کا حکم سنا دیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ علیمہ خان نے تھانہ سرور روڈ میں جناح ہاو¿س پر حملہ کیس میں رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور اے ٹی سی میں ضمانت کی درخواست دائر کی۔ درخواست میں مو¿قف اپنایا گیا کہ پولیس نے غیر قانونی طور پر مقدمے میں ملوث کیا۔ جناح ہاو¿س پر موجودگی سے کوئی جرم ثابت نہیں ہوتا، علیمہ خان نے مو¿قف اپنایا کہ انہوں نے لوگوں کو جناح ہاو¿س کے اندر جانے سے روکا۔ عدالت نے علیمہ خان کی 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کر لی اور پولیس سے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کر لیا جبکہ علیمہ خان کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا۔ دوسری طرف انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاو¿س حملہ اور جلاو¿ گھیراو¿ کیس میں خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت 19 جون تک ملتوی کردی۔ خدیجہ شاہ اور صنم جاوید کی درخواست ضمانت پر وکلاء نے دلائل مکمل کر لیے۔ عدالت نے دیگر خواتین کے وکلاء سے آئندہ سماعت پر دلائل طلب کر لیے۔ گرفتار خواتین نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں مقدمہ میں غلط ملوث کیا گیا، ضمانت پر رہائی دی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ تمام خواتین کی درخواست ضمانت پر ایک ساتھ فیصلہ سنایا جائے گا۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت نے الیکشن کمیشن فیصلہ کے خلاف احتجاج اور توڑپھوڑ کیس میں شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی اپنے وکیل علی بخاری کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔ تحریک انصاف کے بانی کارکن اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی تحصیل کورٹ رادھاکشن ملک خرم شوکت کو ایک مہینہ بعد جیل سے رہائی مل گئی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی رہنما سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کیلئے درخواست پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو درخواست پر تین دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کا جسمانی ریمانڈ نہ دینے کیخلاف حکومتی اپیل پر سماعت کی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر انسداد دہشتگردی عدالت کے تحریری حکم کی مصدقہ نقل پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسجد جاوید گھرال نے پی ٹی آئی سینیٹر اعجاز چودھری کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔ سرکاری وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ درخواست گزار نے سہولیات کیلئے متعلقہ فورم سے رجو ع نہیں کیا، جیل میں سہولیات کیلئے براہ راست ہائیکورٹ میں درخواست دائر نہیں کی جا سکتی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے ایک اور ملزم کی شناخت راجہ دانش وحید کے نام سے ہوئی ہے جو کہ راولپنڈی کا رہائشی ہے۔ شرپسند لوگوں کو توڑ پھوڑ پر اکساتا رہا اور خود بھی ڈنڈوں سے جی ایچ کیو کا مونوگرام توڑ کر جی ایچ کیو میں داخل ہوگیا۔ ادھر پی ٹی آئی ساہیوال کے ضلعی صدر جیل سے رہا ہوتے ہی دوبارہ گرفتار۔ اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کر کے تھانہ سول لائن منتقل کر دیا۔ پی ٹی آئی ساہیوال کے ضلعی صدر رانا آفتاب احمد خان کو تھانہ غلہ منڈی میں روڈ بلاک کرنے، جلاﺅ گھیراﺅ کرنے کے تحت درج مقدمہ میں لاہور سے گرفتارکیا تھا اور عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شمع یاسمین نے ضمانت لیکر رانا آفتاب احمد خان کو رہا کرنے کا حکم دیا۔
مبین جتوئی نے عہدہ، سعدیہ علی ، آصفہ نے پی ٹی آئی چھوڑ دی ، علیمہ شاہ محمود ، عامر کیانی کی ضمانت
Jun 13, 2023