لاہور (آئی این پی ) چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل(ر)نذیر احمد نے کہا ہے کہ ماضی میں نیب سیاسی مقاصد کیلئے استعمال ہوتا رہا ہے، ہمیں اپنی کمزوریوں کا احساس ہے، نیب کی ساکھ بحال کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، نیب اپنی اصلاح کرے گا اور کررہا ہے، ہم عوام کا اعتماد حاصل کریں گے، اس قوم اور ملک نے جو ہمیں ذمہ داری بخشی ہے اس کو ہم پورا کریں گے، نیب نے اس ملک اور معاشرے کی بے پناہ خدمت کی ہے، کرپشن کیسز میں بالواسطہ اور بلاواسطہ ریکوریز ہورہی ہیں، ہم اگلے چند ماہ میں قانون سازی کریں گے، بدعنوانی کے خاتمے میں ہمارا کوئی فیورٹ یا دشمن نہیں، نیب کو مکمل طور پر غیر سیاسی بنا کر دم لیں گے، ہمیں ادارے کو عقوبت خانہ نہیں بنانا۔لاہور میں تقریب سے خطاب میں چیئرمین نیب نے کہا کہ ہم پہلے نیب کی اور اپنی اصلاح کررہے ہیں، قوم نے ہمیں جو ذمہ داری دی ہے اس کو پورا کریں گے، متاثرین کی مدد کے لیے نئی پالیسی بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن بڑھتی جا رہی ہے لیکن کرپشن کیسز میں ریکوریز بڑھ رہی ہیں، نیب افسران کم سے کم وقت میں کیسز نمٹائیں، میرا وعدہ ہے کہ نیب کو اس کا کھویا ہوا وقار واپس دلائیں گے۔ چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ ہمارا اصل مقصد کرپشن اور وائٹ کالر جرائم کا خاتمہ ہے اور اس ضمن میں ہماری کوششوں کے نتائج کچھ عرصے بعد نظرآجائیں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل(ر)نذیر احمد نے کہا کہ ہم خندہ پیشانی سے نکتہ چینی برداشت کریں گے اور ہم خاموشی کے ساتھ اپنے کام میں لگے رہیں گے، ملزمان کو سزا دینا عدلیہ کا کام ہے۔
قومی احتساب بیورو کو غیر سیاسی بنا کر دم لینگے ، کمزوریوں کا احساس ہے : چیئر مین نیب
Jun 13, 2023