روسی جہاز کی آمد ، اسے کہتے ہیں وعدوں کی تکمیل ، شہید صحافیوں کیلئے بھی فنڈز مختص کرینگے : مریم اورنگزیب

Jun 13, 2023

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نئی پی ٹی وی اکیڈمی وزارت اطلاعات کی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے۔ میڈیا، براڈ کاسٹنگ، فلمز، اداکاری، ٹریننگ اور صلاحیت سازی کے لئے عالمی معیار کے سینٹر آف ایکسی لینس کا آغاز کرنا میرے مقصد کی عکاسی کرتا ہے۔ نئی مربوط اکیڈمی پاکستان بھر بالخصوص نوجوانوں کے لئے قابل رسائی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی مربوط اکیڈمی کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئے مجھے خوشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس اے، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان اکیڈمیز کا انضمام اور میڈیا، براڈکاسٹنگ، فلمز، اداکاری، ٹریننگ اور صلاحیت سازی کے لئے عالمی معیار کے سینٹر آف ایکسی لینس کا آغاز کرنا میرے مقصد کے عکاسی کرتا ہے جو پاکستان بھر بالخصوص نوجوانوں کے لئے قابل رسائی ہے، یہ اقدام میرے دل کے بہت قریب ہے۔ نئی مربوط اکیڈمی نہ صرف وزارت اطلاعات، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے نئے اور موجودہ ملازمین کے لئے اوپن رہے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت نے روس سے رعایتی قیمت پر خام تیل پاکستان لانے کا وعدہ سچ کر دکھایا۔ روس سے خام تیل کا بحری جہاز کراچی پہنچ گیا ہے جو پاکستان کی تاریخ میں روس سے آنے والا تیل کا پہلا جہاز ہے۔ اسے کہتے ہیں وعدوں کی تکمیل، ملک اور قوم کے مسائل حل کرنے کی اہلیت، نیت اور عوام کی سچی خدمت۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ہمیشہ کی طرح عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کر رہے ہیں، الحمد اللہ ایک سال کی مخلصانہ اور دیانتدارانہ محنت رنگ لا رہی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فرائض کے ادائیگی کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے شہید صحافیوں کے لیے بھی ہیلتھ انشورنس بل میں فنڈز مختص کریں گے۔ بجٹ میں مختص کم از کم ویج 35 ہزار کا اطلاق صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے بھی ہو گا۔ گزشتہ دور حکومت میں جب ہم پر پارلیمنٹ سمیت ہر جگہ میڈیا ٹاک پر پابندی تھی تو یہی نیشنل پریس ہماری آواز عوام تک پہنچانے کا ذریعہ تھا، یہی وجہ ہے کہ نیشنل پریس کلب کی کرسی پر بیٹھ کر خود کو جتنا بہادر اور مضبوط سمجھتی ہوں اتنا اپنی وزارت کی کرسی پر نہیں۔ موجودہ حکومت نے گذشتہ حکومت کی طرح میڈیا پر قدغنیں نہیں لگائیں، صحافیوں کی پسلیاں تڑوائیں نہ ہی چلتے ہوئے پروگرام بند کروائے۔ مریم اورنگزیب نے یہ باتیں بجٹ میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے ہیلتھ انشورنش کی ایک ارب روپے کی خطیر رقم رکھنے کے حوالے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں، وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ملک سے نفرتوں، تفریق اور انتشار کے خاتمے کی ضرورت ہے۔ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے ہیلتھ انشورنس کیلئے ایک ارب روپے کی خطیر رکھنے مختص ہونے پر پی ایف یو جے، آر آئی یو جے سمیت دیگر تمام تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں۔ نیشنل پریس آمد پر شاندار استقبال کیلئے نیشنل پریس، پی ایف یوجے اور آر آئی یو جے سمیت تمام لوگوں کی بے انتہا شکرگزار ہوں۔ تقریب میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات سہیل علی خان، پی آئی او مبشر حسن، این پی سی کی فنانس سیکرٹری نیئر علی، آر آئی یو جے کے سیکرٹری طارق علی ورک، آئی آئی یو جے کے نائب صدر چوہدری شاہد اجمل، فنانس سیکرٹری کاشان اکمل گل سمیت سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزیدخبریں