روسی جہاز سے تیل ریفائنری منتقلی، اگلے ماہ قیمتوں میں فرق پڑے گا: وزارت پٹرولیم 

Jun 13, 2023

لاہور‘ کراچی‘ اسلام آباد (آئی این پی+ این این آئی) روس سے آنے والے جہاز سے خام تیل نکالنے کا کام شروع کردیا گیا۔ 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے۔ ریفائنری ذرائع کے مطابق روس سے آنے والے خام تیل کے جہاز پیور پوائنٹ سے خام تیل نکالنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، جہاز سے 3 ہزار ٹن تیل پاکستان ریفائنری منتقل کردیا گیا ہے۔ پیور پوائنٹ سے روسی خام تیل کی منتقلی (آج) منگل کو مکمل ہوجائے گی۔ جبکہ وزارت پیٹرولیم حکام نے کہا ہے کہ روسی تیل عام مارکیٹ سے 30 سے 40 فیصد سستا ہے، یکم جولائی سے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں پر فرق پڑے گا۔ کراچی کی بندرگاہ پر ان لوڈنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔ وزارت پیٹرولیم حکام کا کہنا ہے کہ روسی خام تیل سے پیٹرول اور ڈیزل مزید سستا ہوگا، روسی تیل آنے سے پیٹرول و ڈیزل کی قمیتوں پر یکم جولائی سے فرق پڑے گا، پاکستانی ریفائنریز میں روسی تیل کو صاف کرنے کا عمل جلد شروع ہوگا۔ حکام نے مزید بتایا کہ روس سے خام تیل کی درآمد ماہانہ 14 لاکھ بیرل تک بڑھائی جاسکتی ہے، روسی تیل صاف ہونے کے بعد اوسط قمیت نکالی جائے گی، مقامی اور روسی تیل کو ملا کر اوسط قیمت نکلے گی۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے تیل کی فراہمی تسلسل کے ساتھ شروع ہو جائے گی تو قیمتوں میں فرق آئے گا۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ضرورت کا ایک تہائی خام تیل روس سے لینا شروع ہو جائیں گے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ایک تہائی خام تیل رعایتی قیمت پر روس سے آئے، جب ہم اپنا ہدف حاصل کر لیں گے تو تیل رعایتی قیمت پر ہوگا، اصل قیمت اس وقت نہیں بتا سکتا، تاہم اس کا بہت بڑا فرق آئے گا اور اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ابھی پہلا جہاز آیا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ایک ڈیڑھ مہینے میں تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہو جائے۔

مزیدخبریں