وزیراعظم، آرمی چیف ملاقات، داخلی سلامتی ، آپریشنز پر تبادلہ خیال 

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) وزیر اعظم شہباز شریف سے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ہاو¿س میں ہونے والی ملاقات میں ملک کی امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر بریفنگ بھی دی۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات میں ملک کی داخلی سلامتی اور دہشت گردوں کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اب جبکہ معاشی ماہرین بجٹ 2023-24 کا مختلف زاویوں سے جائزہ لے رہے ہیں تو وہ ضروری سمجھتے ہیں کہ اس امر پر روشنی ڈالیں کہ حکومت نے اس بجٹ میں ترقی کا سبب بننے والے شعبوں پر خصوصی توجہ دی ہے۔ گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ انفار میشن ٹیکنالوجی، زراعت، شمسی توانائی، نوجوانوں کی ترقی اور دیگر شعبوں کیلئے مفصل مشاورت کے بعد پالیسی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد تخلیقی صلاحیتوں و جدت اور نوجوانوں میں اپنے کاروبار کی حوصلہ افزائی، زراعت کے شعبے کی پیداواری استعداد بڑھانے اور زرعی صنعت میں سرمایہ کاری کے فروغ میں سہولت کاری فراہم کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت ملک گیر شمسی توانائی کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ بجلی بنانے کے مہنگے ذرائع کی جگہ ملک میں موجود شمسی توانائی کی وسیع استعداد سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ کم لاگت توانائی معاشی ترقی اور لوگوں کو ریلیف پہنچانے کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے۔ روس سے خام تیل کی خریداری بھی توانائی سلامتی منصوبے کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں جس نکتے کی طرف آپ کی توجہ مبذول کروانا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ ملکی و بین الاقوامی مسائل اور مجبوریوں کے باوجود، بجٹ 2023-24 حالات کی بہتری کی طرف ایک واضح قدم ہے اور اس حوالے سے ایک مستحکم مستقبل کی تشکیل کی نوید ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ خود انحصاری ہمارا اولین ہدف ہے، ایک ایسی معیشت جو بیرونی بحرانوں اور اتار چڑھاو¿ سے محفوظ رہنے کی حامل ہو۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے مشیر وزیراعظم شیخ روحیل اصغر نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ مشیر وزیراعظم نے بجٹ 2023-24 میں عوام دوست اقدامات پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب حکومت کو بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ماڈل ٹا¶ن میں پنجاب کے بجٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب‘ چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری فوڈ‘ سیکرٹری زراعت سمیت دیگر سیکرٹریز نے بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نگران حکومت اور سول بیورو کریسی کو بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے پنجاب کے ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کر کے سمندری طوفان کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال اور اقدامات پر بات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے وزیر اعلی سندھ کے سمندری طوفان کے خطرات سے نمٹنے کے لئے پیشگی انتظامات کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بحری جہازوں، ماہی گیروں، ساحلی انفراسٹرکچر، سیلاب کے خطرے، ٹھٹھہ، بدین اور سندھ کے جنوبی مشرقی علاقوں سے متعلق خدشات پر وفاق اور صوبائی حکومتوں اور اداروں کے درمیان موثر حکمت عملی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ متعلقہ علاقوں سے عوام کی بروقت محفوظ علاقوں میں منتقلی یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم کو متعلقہ علاقوں میں عوام کو پیشگی خبردار کرنے اور اطلاعات پہنچانے کے حوالے سے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہنگامی صورتحال میں ضروری سامان، آلات اور دیگر متعلقہ اشیاء کے پیشگی انتظامات پر بھی آگاہی حاصل کی جب کہ وزیراعظم نے صورتحال سے نمٹنے میں وفاقی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کے زیر انتظام تمام ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے سندھ حکومت کی مدد کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے جذبے اور فکرمندی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...