لاہور (خصوصی نامہ نگار ) امیرجماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری اور امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ نااہل قیادت کی بدولت ملک معاشی و سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔ دن بدن بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی نے غریب عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ تحریک انصاف کی طرح پی ڈی ایم کی حکومت نے بھی قوم کو مایوس کیا ہے ۔ اب پاکستان کے عوام کی نظر اکتوبر میں عام انتخابات پر ہیں کیونکہ ملک کے تمام مسائل کا حل بروقت اور شفاف انتخابات میں ہے۔اگر حکومت نے اکتوبر میں الیکشن میں تاخیر کی کوشش کی تو جماعت اسلامی اس کی شدید مزاحمت کرے گی ۔ اس حوالے سے جماعت اسلامی پنجاب وسطی کے زیر اہتمام ”انتخابات2023 کنونشن“ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں،کنونشن 13جون بروز منگل الحمرہ ہال میں منعقد ہو گا۔جس میں وسطی پنجاب کے تمام اضلاغ سے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی، امرا اضلاغ و دیگر کارکنان شرکت کریں گے۔ اس موقع پر انتخابات 2023کنونشن سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب لاہور میں ”انتخابات2023 کنونشن“ کی تیاریوں کے سلسلے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ملک معاشی و سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، جاوید قصوری،ضیاءالدین انصاری
Jun 13, 2023