لاہور (نیوز رپورٹر) نگراں وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا ہے کہ محکمہ صحت میں ایڈہاک تقرریوں کے لئے جامع پالیسی کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔اس مقصد کے لئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جس نے کام شروع کر دیا ہے۔دیہی علاقوں میں علاج معالجہ کی معیاری سہولتیں مہیا کرنے کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے۔ نئے بجٹ میں صوبے کے ہسپتالوں میں لیبارٹریوں کی بہتری کے لئے بھاری فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں۔نگراں وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان، ایڈیشنل سیکرٹری خضرافضال اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ ڈاکٹر غریب مریضوں کا خیال کریں، وہی دوائیں لکھیں جو ہسپتال میں دستیاب ہوں۔بازار سے مہنگی دوائیں خریدنا غریب مریضوں کے بس سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت صحت کے شعبے میں مختصر وقت میں دیرپا اصلاحات کر رہی ہے۔