خیبر پی کے کے قبائلی ضلع اور شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجہ میں پاک فوج کے3 جوان شہید ہو گئے اور 3 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 9 اور 10 جون کی درمیانی شب فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوئے، مرنے والے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود برآمد کر لیا گیاتاہم فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع لکی مروت کے 40 سالہ رہائشی صوبیدار اصغر علی، ضلع لکی مروت کے 26 سالہ رہائشی سپاہی نسیم خان اور ایبٹ آباد کے 22 سالہ سپاہی محمد زمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے عزم کے تحت پاک فوج دہشت گردوں کیخلاف اپریشن جاری رکھے ہوئے ہے جس میں پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کر رہے ہیں۔ یہ انکی جانی قربانیوں کا ہی ثمر ہے کہ ملک آج محفوظ نظر آرہا ہے اور قوم کو اپنے تحفظ کا احساس ہو رہا ہے۔ دہشت گردی کی جنگ میں پاک فوج اور سکیورٹی ادارے بے بہا قربانیاں دے رہے ہیں‘ ان قربانیوں کی پوری قوم کو قدر کرنی چاہیے۔ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے اور بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں جہاں پاک فوج کے عزم و جذبے کو مزید تقویت فراہم کررہی ہیں‘ وہیں پوری قوم کے فخر کا باعث بھی بن رہی ہیں۔