عوام کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑینگے، کور کمانڈر کراچی

Jun 13, 2023 | 11:15

کور کمانڈر کراچی نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں عوام کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے رات گئے ممکنہ سمندری طوفان بائپر جوائے کے سلسلے میں بدین میں ہنگامی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں موجود ڈی جی رینجرز سندھ اور جی او سی حیدرآباد سمیت فوجی و سول اداروں کے ذمہ دارین نے شرکت کی، اجلاس میں کورکمانڈر کراچی کو بریفنگ دی گئی۔کور کمانڈر نے بروقت تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔کور کمانڈر کراچی نے بتایا کہ اب تک پاک فوج کے دستے ریسکیو کیلئے مختلف مقامات پر پہنچ چکے ہیں لہٰذا کسی بھی صورت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔دوسری جانب ڈی سی بدین آغا شاہ نواز خان نے کہا کہ سمندری طوفان کا پاکستان کی جانب فاصلہ کم اور خطرات میں اضافہ ہو گیا، ساحلی پٹی کے دیہاتوں اور ماہی گیر بستیوں سے آبادی کا انخلا رات گئے جاری رہا، ساحلی آبادی کا انخلا اور متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈی سی بدین نے بتایا کہ سرکاری عمارتوں اور محفوظ مقامات پر مقامی افراد کو منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ پاک آرمی رینجرز اور سرکاری افسران وملازمین آبادی کے انخلا اور منتقلی میں مصروف ہیں۔

مزیدخبریں