وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ 24-2023 نوجوان کی ترقی کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، مایوسیوں کو مٹانا، ملک و قوم کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی سے نیا اعتماد اور امید بحال کرنا ہوگی۔ اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا، اِنشاءاللہ۔ صنعت، زراعت، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں تیزی سے ترقی اور معاشی استحکام کا بجٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کے بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوان کا مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری اولین ترجیح ہے، آئی ٹی، زراعت اور صنعت میں کاروبار کے آغاز سے نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی کے معمار بنانا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، چھوٹے اور رعایتی قرض دے رہے ہیں، نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے بجٹ میں آئی ٹی کاروبار میں ٹیکس کی چھوٹ دی ہے، 2 ہزار ارب روپے سے زائد کسان پیکج سے زراعت اور کسان کی بہتری کا سفر مزید تیز ہوگا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ بجٹ 24-2023 کے ذریعے زرعی شعبے کیلئے مراعات جاری رکھیں گے، اِن اقدامات سے غذائی تحفظ حاصل ہوگا، نوجوانوں کو زرعی ترقی میں حصہ دار بنا رہے ہیں، کسانوں، نوجوانوں کو زرعی اور کاروباری قرضہ جات سے کسان، نوجوان اور پاکستان خوشحال ہوں گے۔