شرح پیدائش میں کمی اور گرتی ہوئی آبادی سے پریشان چینی حکومت کیلئے ایک اور نئی پریشانی پیدا ہوگئی ہے۔ ملک میں شادیاں 2022 میں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئیں۔ چین کی وزارت برائے شہری امور کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2022 میں تقریباً 6.8 ملین جوڑوں نے شادیاں کیں جو 2021 کے مقابلے میں ساڑھے 10 فیصد کم ہیں۔ اس سے پہلے والے سال میں 7.63 ملین شادیوں کی رجسٹریشن کی گئی تھی ۔ چین میں 1986 سے شادیوں کے اعداد و شمار دستیاب ہیں اور یہ تب سے اب تک کی سب سے کم ترین شرح ہے۔چین میں شرح پیدائش گزشتہ سال گر کر 6.77 فی 1,000 افراد تک پہنچ گئی، جو کہ ریکارڈ پر سب سے کم ہے۔ 60 سے زیادہ سالوں میں پہلی بار 2022 میں ملک کی آبادی بھی کم ہوئی، خاص طور پر بیجنگ جیسے بڑے وسیع و عریض شہروں میں، کمزور اقتصادی ترقی، اور خاندان کی پرورش کے لیے بدلتے ہوئے رویوں کی وجہ سے زندگی کے اخراجات میں کمی آئی۔ کم عمر افراد کی تعداد میں کمی جزوی طور پر چین کی ایک بچہ پالیسی کا نتیجہ ہے جو 1980 سے 2016 تک جاری رہی۔