لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس کی جانب سے عیدالاضحی کی مناسبت سے شہربھر میں قائم 8مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے4ایس پیز،8ایس ڈی پی اوز،7ایس ایچ اوزاور22اپر سبارڈنیٹس سمیت430 پولیس اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاہ پور کانجراں،رائیونڈ روڈ، این ایف سی سوسائٹی ملتان روڈ، نیو کنگ لین ہاؤسنگ سوسائٹی،سپورٹس کمپلیکس اڈا رکھ چھبیل،برکی روڈ، ایل ڈی اے سٹی اور سگیاں روڈکے مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اورخریدار شہریوں کے تحفظ کیلئے بہترین سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی اورجگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں، غیر قانونی مویشی منڈیوں اورسیل پوائنٹس کیخلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ نوسر بازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے پٹرولنگ پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے۔ ڈولفن سکواڈاور پولیس رسپانس یونٹ سمیت پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف متواتر پٹرولنگ کر رہی ہیں۔
نوسر بازوں ‘جیب تراشوں کیخلاف پٹرولنگ پلان تشکیل دیدیا: سی سی پی او
Jun 13, 2024