لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم فلوریڈا پہنچ گئی جہاں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اپنا آخری گروپ میچ 16 جون کو آئرلینڈ سے کھیلے گی۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ روز آرام کیا جبکہ چند کھلاڑیوں نے شام میں آئی سی سی کرکٹ فار گڈ سرگرمی میں حصہ کیا۔قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر حارث رئوف نے کہا ہے کہ ہمارا فوکس صرف اگلے میچ پر ہے، ایونٹ میں اپنا آخری میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے، باقی قسمت میں اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرنا ہوگا تو انشاللہ ضرور کریں گے۔ بڑے ایونٹس میں کسی بھی ٹیم کیلئے جیت انتہائی ضروری ہوتی ہے کیونکہ اس سے ٹیم کا حوصلہ بڑھتا ہے۔ ہمارا فوکس اب اگلے میچ پر ہے، کوشش ہوگی ایونٹ میں اپنا آخری میچ بھی جیتیںاور آگے جاکر مزید اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔ بطور ٹیم ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی لیکن غلطیاں ہر ٹیم سے ہوتی ہیں اور اسے سیکھنے کی کوشش کی جاتی ہے، ہم نے بھی یہی کیا ہے، ہمارے پاس جس طرح کے کھلاڑی ہیں، ہمیں خود پر بھروسہ ہے اور کوشش ہوگی کہ اگلے میچز بھی جیتیں۔اپنی بائولنگ سے متعلق کہا کہ مجھے خود پر یقین تھا اور اپنی پچھلی بائولنگ دیکھ کر ماضی کی غلطیوں سے سیکھنے کی بھی پوری کوشش کی، انجری کے بعد کوشش یہی ہے کہ جس طرح ماضی میں ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا ہے، مستقبل میں بھی ایسی کارکردگی دکھائوں۔ نیویارک میں جس طرح کی کنڈیشنز ہیں، سب جانتے ہیں یہاں بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہے اس لیے بطور بائولنگ یونٹ ہم نے پوری کوشش کی کہ مخالف ٹیم کو کم سے کم رنز پر آئوٹ کریں تاکہ ہمیں بیٹنگ میں زیادہ مشکلات کا سامنا نہ ہو۔کھلاڑیوں کے ذہن میں ایسی کوئی بات نہیں چل رہی بلکہ ہمارا فوکس صرف اپنے میچ پر ہے۔
قسمت میں ہوا تو اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کرینگے: حارث رؤف
Jun 13, 2024