لکی مروت آپریشن میں  11 دہشت گرد ہلاک

Jun 13, 2024

اداریہ

خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ لکی مروت میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس کے دوران گیارہ دہشت گرد موقع پر ہی مارے گئے اور دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کر دئیے گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بارودی سرنگ دھماکے میں کیپٹن سمیت 7 اہلکار شہید ہوئے تھے، سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے۔ پاکستان اس وقت بری طرح دہشت گردی کی زد میں ہے اور دہشت گردی کی اس نئی لہر کے لیے ایک طرف تو افغانستان میں بیٹھے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جیسے دہشت گرد گروہ ذمہ دار ہیں اور دوسری جانب بلوچستان کے مخلتف علاقوں میں موجود شر پسند عناصر بھی اس قسم کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ قابلِ غور بات یہ ہے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے ذمہ دار ان دونوں عناصر کو کسی نہ کسی طرح بھارت کی آشیرباد حاصل ہے اور پاکستان کئی بار بین الاقوامی سطح پر ثبوتوں کے ساتھ یہ واضح کرچکا ہے کہ بھارت خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنے اور امن و امان کی صورتحال کو نقصان پہنچانے کے لیے دہشت گرد اور تخریب کار گروہوں اور تنظیموں کی پشت پناہی کررہا ہے۔ ان سب حالات کے باوجود چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات جیسے دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے معاشی استحکام کے سلسلے میں ہماری مدد کرنا چاہ رہے ہیں۔ اس حوالے سے دیکھا جائے تو آج امن و استحکام ہی ہماری بنیادی ضرورت ہے۔ اس کے بغیر نہ سرمایہ کاری کی فضا سازگار ہوگی نہ ہی معیشت مستحکم ہو پائے گی۔ دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنا ہی دشمن کا ایجنڈا ہے اور ہم اس پر قابو پا کر دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں