اسلام آباد ہائیکورٹ: ٹربیونل تبدیلی درخواست میں توہین آمیز زبان کا استعمال، لیگی رکن اسمبلی عدالت طلب

Jun 13, 2024

اسلام آباد +لاہور(وقائع نگار+خبر نگار) ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی پر حکم امتناعی جاری کردیا۔ اسلام آباد کے تین حلقوں کے لیے نئے ٹریبونل کے خلاف کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے، جس کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے نئے ٹریبونل کو کام کرنے سے روک دیا۔ عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف توہین آمیز الفاظ کے استعمال پر لیگی رکن قومی اسمبلی انجم عقیل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے 24 جون کو پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ٹربیونل تبدیلی کی درخواست میں توہین آمیز زبان استعمال کی گئی۔ وکیل کے مطابق درخواست میں استعمال کی گئی زبان توہین آمیز اور سکینڈلائز کرنے کے کوشش تھی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے ٹریبونل تبدیلی کی لیگی ایم این ایز کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ٹریبونل منتقلی کی ہدایات جاری کی تھیں۔لاہور سے خبر نگار کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے الیکشن ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کو  چیلنج کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے موقف اپنایا کہ پارلیمنٹ کی موجودگی میں صدارتی آرڈیننس کے ذریعے کسی قسم کی ترامیم نہیں ہو سکتی ہیں۔

مزیدخبریں