وزیر آباد (نامہ نگار) سابق سپیکر کی رہائش گاہ کا پولیس نے گھیرائو کر لیا۔ اہلکار اندر بھی داخل ہو گئے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کنونشن کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری نے حویلی حامد ناصر چٹھہ کا گھیرائو کر لیا جبکہ چند پولیس اہلکار بغیر وارنٹ حویلی میں بھی داخل ہو گئے۔ درجنوں اہلکار سارا دن تیز دھوپ میں سایہ ڈھونڈتے رہے اور دکانوں کے اندر براجمان رہے، جسکی وجہ سے کاروباری حضرات کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی چوہدری حامد ناصر چٹھہ اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر محمد احمد چٹھہ کی طرف سے پولیس گردی پر پنجاب حکومت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ایسے واقعات بدامنی اور خوف ہراس کو جنم دے رہے ہیں۔ کوئی کنونشن نہیں تھا جان بوجھ کر پولیس اہلکاروں کے ذریعے ہمیں دبائو ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ تاجر براداری اور شہریوں نے بھی پولیس کے ایسے رویے پر شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق نقص امن کی صورت حال کے پیش نظر حویلی کے باہر اہلکار تعینات کے گئے ہیں۔