اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا پر تشدد کے مقدمہ میں پی ٹی آئی وکلاء کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت آج جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے نہ ہی انہوں نے تعاون کیا۔ اس پر جج طاہر عباس سپرا نے آخری موقع دیتے ہوئے ملزموں کو فوری طور پر شامل تفتیش ہونے کا حکم جاری کر تے ہوئے کیس کی مزید سماعت آج جمعرات تک ملتوی کر دی ہے۔