لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 24ویں میچ میں آسٹریلیا نے نمیبیا کو 9وکٹوں سے شکست دیکر سپر 8مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔سر ویوین رچرڈز سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے گروپ بی کے میچ میں آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر نمیبیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔نمیبیاکی ٹیم 17اوورز میں 72رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ 9بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ کپتان ایراسمس 36رنز بناکر نمایاں رہے۔ ایڈم زمپا نے 4، جوش ہیزل ووڈ اور سٹوئنس نے 2،2 جبکہ کمنز اور الیز نے ایک ایک وکٹ لی۔ نمیبیا کا 73رنز کا ہدف آسٹریلیا نے چھٹے اوور میں ایک وکٹ پر حاصل کرلیا۔ ٹریوس ہیڈ 34اور مچل مارش 18رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ڈیوڈ وارنر نے 20رنز بنائے۔ گروپ سٹیج میں مسلسل تیسری کامیابی کے بعد آسٹریلیا نے 6پوائنٹس کیساتھ سپر 8مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ سری لنکا اور نیپال کا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔فلوریڈا میں ہونے والے سری لنکا اور نیپال کے درمیان گروپ ڈی کے میچ کا ٹاس بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔تاہم مسلسل بارش کی وجہ سے بغیر ٹاس ہوئے ہی میچ کو ختم کر دیا گیا۔بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا۔سری لنکن ٹیم کا سپر ایٹ مرحلہ میں رسائی کا سفر ختم ہوگیا ہے ۔ بھارت نے میزبان امریکہ کو 7وکٹوں سے شکست دیدی ۔امریکہ نے 8وکٹوںپر 110رنز بنائے ۔ نتیش کمار27رنز بناکر نمایاں رہے ۔ ارشدیپ سنگھ نے چار کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا ۔ بھارت نے ہدف18.2اوورز میں 3وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ سوریا کمار یادیو 50اور شیوان ڈیوبے 31رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ ارشدیپ سنگھ کومیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔