اشیاء عوامی پہنچ میں، بحرانی صورتحال سے نکل چکے، صوبے مالی معاہدہ کر لیں: وزیر خزانہ

اسلام آباد (رپورٹنگ ٹیم) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مالیاتی استحکام کے ہدف کو حاصل کرنے اور ملک کے مجموعی وسائل میں زیادہ سے زیادہ اضافے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ایک جامع ’نیشنل فسکل پیکٹ‘ کرنے کی تجویز دی ہے۔ وفاقی حکومت اکیلے مالیاتی استحکام کے ہدف کو حاصل نہیں کرسکتی، اسی لیے وفاقی حکومت ملک کے مجموعی وسائل میں زیادہ سے زیادہ اضافے کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، ان کوششوں کو تقویت دینے کے لیے ہم تمام صوبائی حکومتوں کے ساتھ ایک جامع ’نیشنل فسکل پیکٹ‘ تجویز کرتے ہیں۔ ہم آہنگی اور یگانگت خود کفالت کے ہدف کو حاصل کرنے کا واحد راستہ ہے، اس سلسلے میں ہماری صوبوں سے مشاورت جاری ہے۔ اشیاء عوامی پہنچ میں ہیں‘ بحرانی صورتحال سے نکل چکے۔ بڑی کامیابی ہے۔ مہنگائی مزید کم ہو گی۔ یہ وقت ہے پرائیویٹ سیکٹر کو حکومت کا حصہ بنائیں۔ اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے۔ محمد اورنگزیب نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے کہ بجٹ کے حوالے سے آئی ایم ایف کے ساتھ الائنمنٹ ہے۔ اگر ملک کو صحیح سمت میں لے کر جانا ہے تو ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بہتر کرنی ہو گی۔ اخراجات میں کمی پاکستان کی ضرورت ہے۔ ہم نے تنخواہ دار طبقے کو بجٹ میں تحفظ دیا ہے۔ میں پرامید ہوں ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔ یہ بات درست ہے کہ ابھی بھی شرح سود زیادہ ہے۔ ملک 9.5 فیصد ٹیکس ٹو جی ڈی پی پر ملک نہیں چل سکتا۔ یہ واحد ملک ہے جہاں نان فائلر کی کیٹگری موجود ہے۔

ای پیپر دی نیشن