اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترک وزیر دفاع جنرل (ر) یاسر گلر، کمانڈر ترک جنرل میٹن گورک سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیف آف جنرل سٹاف کمانڈر جنرل سیلکوک بائراکتار اوگلو، کمانڈر ترک لینڈ فورسز، ایڈمرل ایرکومنٹ تاتلی اوگلو، کمانڈر ترک نیول فورسز، جنرل ضیاء کیمل کادیوگلو، ترک فضائیہ کے کمانڈر کے علاوہ دفاعی پیداوار سے متعلق ایک سرکاری ایجنسی کے سربراہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، دوطرفہ دفاعی تعاون بشمول سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور موجودہ علاقائی ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔ عسکری قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی مصروفیات کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اس موقع پر شاندار خدمات کے اعتراف میں جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ’’لیجن آف میرٹ‘‘ سے بھی نوازا گیا۔