ملک دیوالیہ کرنے کے خواب دیکھنے والوں کی سازشیں دھری کی دھری رہ گئیں: وزیراعظم

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے گریڈ ایک سے سولہ تک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے کی سفارش  کردی۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے اپنی سیاست کو قربان کرکے پاکستان کی معیشت کو بچایا۔ وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم نے پارلیمانی پارٹی کو بجٹ کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو معاشی مشکلات کے منجدھار سے نکال کر استحکام کی سمت میں لائے، تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے اپنی سیاست کو قربان کرکے پاکستان کی معیشت کو بچایا، اللہ رب العزت کی مدد اور میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ہم نے اس ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اس ملک کو دیوالیہ کرنے کے خواب دیکھنے والوں کی سازشیں دھری کی دھری رہ گئیں، سازشی ٹولے نے اس ملک کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا، اس ملک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی بے حرمتی کی، برسہا برس سے عملی سیاست میں ہوں مگر ایسی انتشار سے بھرپور سیاست پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دیکھی۔ شہباز شریف نے کہا کہ اللہ رب العزت نے دوسری بار خادم پاکستان کی ذمہ داری دی تو قوم کی مشکلات کے ازالے کا عہد کیا، مجھے امید ہے کہ میری کوششیں اور محنت آپ سب اور عوام کی امیدوں پر پوری اتر رہی ہوں گی، برادرانہ ممالک اور سرمایہ کاروں کا حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد اور ملک میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری حکومتی ٹیم کی محنت کا ثمر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ میں جس قدر ہو سکا، عام آدمی کو ریلیف دیں گے، اس ملک کے مزدور، کسان اور تنخواہ دار طبقے کے ریلیف کیلئے اقدامات کریں گے، آپ سب اور اتحادی جماعتوں نے مجھ پر اعتماد کیا، حکومت کی پالیسیوں کی عام آدمی اور ملکی مفاد میں بھرپور حمایت کی، جس پر تہہ دل سے مشکور ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی تجاویز پیش کریں، بجٹ کے حوالے سے جھوٹ اور پراپیگنڈے کا موثر اور مدلل جواب دیں، پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے ہمیں شب و روز محنت کرنی ہے، قوم کو بنیادی صحت، اعلیٰ تعلیم اور ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہیں، اس ملک کی باصلاحیت افرادی قوت کو روزگار کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم و تربیت یقینی بنائیں گے، خواتین کو با اختیار اور انہیں باعزت روزگار کی فراہمی کیلئے محنت کرنا ہے، دنیا بھر میں جہاں بھی گیا، قرض کی بجائے سرمایہ کاری کا کہا، سرمایہ کاری وہیں آتی ہے جہاں امن اور سیاسی استحکام ہو، باوقار قومیں محنت، لگن اور حوصلے سے اپنی تقدیریں بدلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور باقی ترقی یافتہ ممالک سے سیکھتے ہوئے ہمیں پاکستان کے معروضی حالات کے تناظر میں اپنا تابناک مستقبل خود بنانا ہے، ہماری ٹیم کی کوششوں کی بدولت مہنگائی میں خاطر خواہ کمی ہوئی،  ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مستحکم ہوا، سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے، اللہ کے فضل وکرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔ دریں اثنا اجلاس میں وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے ارکان کو بجٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ارکان نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی معاشی ٹیم کی جانب سے تیار کردہ بجٹ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء  اور مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے ارکانِ پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے مالی سال 25-2024 بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ جس میں کابینہ نے مالی سال 25-2024 بجٹ تجاویزکی منظوری دے دی۔ کابینہ نے 18 ہزار ارب سے زائد کے حجم کی بجٹ تجاویز کی منظوری دی۔ ساتھ ہی کسانوں، نوجوانوں اور صنعتوں کیلئے پیکج کی بھی منظوری دی گئی۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں موجودہ اتحادی حکومت کا یہ پہلا وفاقی بجٹ ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملاوی کے نائب وزیر اعظم ساؤلوس شلیما   کی ہوائی جہاز کے حادثے میں موت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیاہے۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں  وہ ملاوی کی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ وزیراعظم  محمد شہباز شریف نے فن لینڈ کے صدر  کی جانب سے پاکستان کے سلامتی کونسل کے غیرمستقل ممبر کے طور پر انتخاب پر نیک خواہشات کے  پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن