حافظ آبا د(نمائندہ نوائے وقت)سابق وفاقی وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے 100روزہ حکومتی اقتدار میں جو عوامی فلاحی اقدامات کیے وہ انکی کامیابی اور بہتر خوبیوں کا مظہر ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی حکومت کے پہلے 100دنوں میں عوام کی صحت، تعلیم، سستی روٹی کی فراہمی ،کسان کارڈ کا اجراء، میونسپل سروسز کی بہتری ،ترقیاتی منصوبوں سمیت عوامی ریلیف کے لیے کیے جانے والے اقدامات انقلابی ثابت ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے 100روزہ اقتدار میں صحت کی سہولیات میں نمایاں بہتری لائی گئی ۔ کلینک آن وہیل پروگرام شروع کیا گیا ۔ دیہی علاقوں کی عوام کو انکے گھروں کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات کی دستیاب کے لیے فیلڈ ہسپتال قائم کیے گئے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور دیگر طبی سہولیات کو بھی بہتر بنایا گیا ۔
وزیر اعلیٰ کے عوامی فلاحی اقدامات انکی خوبیوں کا مظہر ہے : سائرہ افضل
Jun 13, 2024