معزول ججوں کی بحالی اور گورنر راج کے خاتمے کے لیے امریکہ اور برطانیہ کی تجویز پرغورکیا جارہا ہے: اعلیٰ حکومتی ذرائع

حکومتی ذرائع نے وقت نیوز کو بتایا ہے کہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ اور امریکی خصوصی نمائندے رچرڈ ہالبروک نے صدرآصف علی زرداری کے ساتھ اس ایشو پرتفصیلی بات کی تھی کہ موجودہ سیاسی بحران کے حل کے لیے کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تجویز پر عملدرآمد کی صورت میں معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو بحال کر دیا جائے گا اوران کے اختیارات کم کرنے کی نوبت شاید نہ آئے۔ ذرائع نے واضح کیا ہے کہ معزول چیف جسٹس کی بحالی سے ہائی کورٹ میں نئے تعینات کیے گئے ججز کی پوزیشن پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ جبکہ صدرآصف زرداری اورمیاں نواز شریف کے درمیان اس مسئلہ پر مفاہمت نہ ہوسکی تو وزیراعظم یوسف رضا گیلانی خود کوئی ایکشن لیں گے۔ وقت نیوز نے اس تجویز پر صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کا موقف جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس پر تبصرہ کرنے کے لیے ان کے پاس فرصت نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن