”واقعہ بادامی باغ کی ذمہ دار پولیس ہے، تاجروں کو رہا کیا جائے“

Mar 13, 2013

لاہور(کامرس رپورٹر) تاجر برادری واقعہ بادامی باغ کی شدی الفاظ میں مذمت کرتی ہے، مگر افسوس اس سارے واقعہ کا ذمہ دار مصری شاہ لوہا مارکیٹ کے تاجروں کو ٹھہرایا جا رہا ہے جن کا دور دور تک اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں۔ پولیس نے ناکامی چھپانے کے لئے اور اصل مجرموں کو پکڑنے کی بجائے تاجروں اورمزدوروں پر مقدمات درج کر دیئے۔ ان خیالات کا اظہار محمداشرف بھٹی صدر آل پاکستان انجمن تاجران صدر انجمن تاجران لاہور میاں طارق فیروز، جنرل سیکرٹری انجمن تاجران لاہور حاجی طاہر نوید، چیئرمین اسلم رضا بٹ، قائم مقام صدر مصری شاہ لوہا مارکیٹ چودھری شاہد حسین، حاجی غلام رسول صدر آل پاکستان بلٹ ایسوسی ایشن نے پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ میاں محمد ادریس، میاں خلیل عبیر، ظہیر اے بابر، حافظ رضوان بٹ، چودھری ایوب، ملک ناظم میاں سعید، ملک مقصود اور دیگر تاجروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تاجروں نے کہا کہ درجنوں تاجروں کو گرفتار کیا گیا جو زیادتی ہے سب پر واضح ہوچکا ہے کہ بادامی باغ کا واقعہ پولیس کی نااہلی کی وجہ سے رونما ہوا۔ انہوں نے آصف علی زرداری، چیف جسٹس افتخار محمد چودھری، وزیراعلیٰ شہبازشریف سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ بادامی باغ کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے تاجروں پر درج جھوٹے مقدمات خارج کئے جائیں ۔ پولیس چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے۔ تاجروں کو ہراساں نہ کیا جائے۔ گرفتار تاجروں اور مزدوروں کو فی الفور رہا کیا جائے اعلیٰ سطح تحقیقات کرتے ہوئے اصل حقائق سامنے لائے جائیں اور انصاف فراہم کیا جائے۔

مزیدخبریں