پاکستان ایران گیس پائپ لائن معاہدہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: فضل الرحمن

Mar 13, 2013

ڈیرہ اسماعیل خان (اے پی پی) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہم پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ اور گوادر پورٹ کو چین کے حوالے کرنے کے فیصلوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، سامراجی طاقتیں ایک سازش کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا اسلامی اور امن پسند ملک ہونے کا تشخص بگاڑنے میں اپنی تمام توانائیاں صرف کئے ہوئے ہیں، بادامی باغ لاہور سانحہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ہمیں جہاں اپنے اسلامی تشخص کا دفاع کرنا ہے وہیں دنیا کو یہ بھی باور کرانا ہے کہ پاکستان ایک ایسا اسلا می ملک ہے جہاں اقلیتوں کو مکمل تحفظ اور امذہبی آزادی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ارکان صوبائی اسمبلی عبدالحلیم خان قصوریہ اور نواب زادہ طاہر بن یا مین خان کی رہائش گاہوں پر معززین علاقہ سے گفتگو کے دوران کیا،انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے خلاف ہمیشہ اسلام اور پاکستان دشمن قوتیں سرگرم رہی ہیں کیو نکہ ملک و ملت کے دشمن عناصر کو اس بات کااحساس ہے کہ جب تک پاکستان کی سیاست میں جے یو آئی کا کردار موجود رہے گا نہ ہی اس ملک میں اسلام دشمن قانون سازی ہوگی اور نہ ہی پاکستان میں عالمی استعمار کی آشیر بادکی حامل قوتوں کو سیاسی میدان میں کھل کر کھیلنے کا موقع ملے گا۔ جمعیت علمائے اسلام نے اپنے دروازے سب کےلئے کھلے رکھے ہوئے ہیں۔ ماضی میں ہمارے حکمرانوں نے خود کو امریکہ کے آگے اس حد تک سرنگوں کر دیا کہ آج ہمیں اپنے ہی ملک کی ترقی اور توانا ئی کے بحران پر قابو پانے جیسے مسائل کے حل کے لئے کسی بھی ملک کے ساتھ تعاون کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی، ہمیں اس طوق کو اتارنا ہوگا اور امریکہ کے ساتھ غلامانہ انداز کے بجائے برابری کی بنیاد پر بات کرنی ہوگی۔

مزیدخبریں