ڈرون حملوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف بھجوانے کی درخواست، جسٹس ناصر کا سماعت سے انکار

Mar 13, 2013

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس ناصر سعید شیخ نے ڈرون حملوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں بھجوانے کےلئے دائر درخواست پر سماعت سے انکار کرتے ہوئے کیس واپس چیف جسٹس کو بھجوا دیا۔ درخواست گذار بیرسٹر اقبال جعفری کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا تھا کہ ڈرون حملے ملکی سلامتی اور بقا کیخلاف ہیں، حکومت انہیں روکنے کےلئے کوئی اقدامات نہیں کر رہی حالانکہ امریکہ انسانی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے، حکومت نے ایک خاموش پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ لٰہذا عدالت حکومت کو حکم دے کہ اس معاملہ پر عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے۔ مسٹر جسٹس ناصر سعید شیخ کی طرف سے کیس کی سماعت کے دوران بیرسٹر اقبال جعفری نے کہاکہ آپ اس کیس کو سننا ہی نہیں چاہتے ہر مرتبہ نئی تاریخ مل جاتی ہے۔ فاضل جج نے درخواست گزار کے رویہ کو دیکھتے ہوئے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی۔

مزیدخبریں