لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے روزنامہ نیشن میں دو بھائیوں کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت سے متعلق شائع خبر پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقامی پولیس سے مذکورہ واقعے کی مکمل تفصیلات اور اس بارے تحقیقات کرکے رپورٹ ہائیکورٹ کو بھجوائیں۔ شائع خبر کے مطابق راولپنڈی میں تھانہ نیو ٹاﺅن پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں دو بھائی ملک جمشید اور ملک سجاد 14فرروی کو ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والے بھائیوں کے والد ملک رحمت خاں کے مطابق پولیس نے ان کے بیٹوں پر ملک کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگاکر ان کو جعلی پولیس مقابلے میں مار دیا۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے معاملے کا ازخود نوٹس لینے کی استدعا کی۔ جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سیشن جج سے رپورٹ طلب کرلی۔