لاہور + گوجرانوالہ (اپنے نامہ نگار سے + نمائندہ خصوصی) بادامی باغ واقعہ کے خلاف گذشتہ روز پنجاب بھر میں وکلا نے ہڑتال کی جبکہ مسیحی برادری نے گذشتہ روز بھی ریلیاں نکالیں۔ تفصیلات کے مطابق ہڑتال کی کال پنجاب بار کونسل نے دی۔ صوبائی دارالحکومت میں ضلع کچہری، کینٹ کچہری، ماڈل ٹا¶ن کچہری، ایوان عدل سمیت شہر بھر کی عدالتیں بند رہیں۔ دور دراز سے آنے والے سائلوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ہزاروں مقدمات کی سماعت متاثر ہوئی۔ پنجاب بار کونسل کے عہدےداران نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عیسائی برادری کی حفاظت کے فول پروف انتظامات کئے جائیں، تمام تباہ شدہ گھروں کو دوبارہ تعمیر کروایا جائے، مظلوم خاندانوں کی مناسب مالی امداد کی جائے اور واقعہ میں ملوث ملزموں کو فی الفور گرفتار کر کے قرارواقعی سزا دی جائے۔ گوجرانوالہ میں سنی تحریک / اقلیتی ونگ کے زیر اہتمام واقعہ بادامی باغ کے خلاف ڈی سی او دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر محمد اکرام بابر نے کہا کہ عیسائیوں اور دیگر اقلیتی مذاہب کو پا کستان میں مکمل تحفظ فراہم کرنا حکومت سمیت تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کا اخلاقی فرض ہے۔ علامہ سید محمد عرفان شاہ مجددی، جانسن براو¿ن و دیگر رہنماو¿ں نے کہا کہ توہین رسالت کے ملزم کو قانون اور آئین کے مطابق سزا دی جائے۔ قلعہ دیدار سنگھ میں مسیحی برادری نے سینٹ جوزف کیتھولک چرچ سے رہنماﺅں کی قیادت میں ریلی نکالی۔ شرکا نے شہر کا چکر لگانے کے بعد لاری اڈا پر ٹریفک بلاک کر دی۔ پریس کلب جا کر ریلی کے شرکا نے دھرنا دیا۔ اس موقع پر مختلف مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ وفاداری کا ثبوت دیا ہے۔ سانگلا ہل سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق مقامی مسیحی برادری نے بادامی باغ واقعہ کیخلاف پرامن ریلی نکالی جس کی قیادت فادر خالق سلیم اور پادری تجمل پرویز نے کی۔ ریلی کیتھولک چرچ سے شروع ہوئی جو رضا چوک میں جلسہ کی صورت اختیار کر گئی جہاں پر مسلم لیگ (ن) مینارٹی ونگ کے ضلعی صدر ہارون فتح جنگ، جانسن نوید، سلطان جان سہوترا، ثاقب سہیل بھٹی، نیئر دل آویز، شہباز ملک اور ذوالفقار اٹھوال نے خطاب کیا اور کہا کہ کوئی بھی مسیحی توہین رسالت کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ کوٹ رادھا کشن میں مسیحی برادری کلارک آباد کلاں اور کوٹ رادھا کشن نے ریلی نکالی جو کلارک آباد سے شروع ہو کر پل نہر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی سے مقررین دا¶د شریف، رحمت الٰہی مغل، عمران پرکاش، آشر کامران، شہباز مغل، قدیر مسیح، وکٹر سردار، والٹر جان نمبردار، جوزف افتخار اور سیاسی رہنما سردار محمد شریف ڈوگر، رانا تنویر حیات جوئیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری نے ہمیشہ پاکستان میں مسلمانوں کے ساتھ مل کر ملک و قوم کی خدمت کی جبکہ سرگودھا، بہاولنگر، سیالکوٹ، جہلم، حویلی لکھا، گوجرہ، ہارون آباد اور دیگر شہروں میں وکلا اور مسیحی برادری نے ریلیاں نکالیں، مقررین نے ملزموں کی فوری گرفتاری، متاثرین کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
بادامی باغ واقعہ: لاہور سمیت پنجاب بھر میں وکلاءکی ہڑتال‘ مسیحی برادری کی ریلیاں بھی جاری
Mar 13, 2013