لاہور (شعیب الدین سے) پانچ سال قبل وجود میں آنیوالی پی پی پی اور اس کے اتحادیوں کی حکومت اور دیگر پارٹیوں کی صوبائی حکومتیں اپنی مدت پوری کرنے والی ہیں۔ آنیوالے دو ماہ میں نئے انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ آزاد میڈیا کی موجودگی ان انتخابات پر کیا اثرات مرتب کرے گی اور ان انتخابات میں کیا ووٹ ڈالنے کی گرتی ہوئی شرح بہتر ہو سکے گی۔ یہ ایک سوال ہے جس کا جواب انتخابات کی رات ہی مل سکے گا۔ 1970ءکے عام انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح سب سے زیادہ رہی اور اس کے بعد ہونیوالے انتخابات میں یہ مسلسل زوال پذیر رہی۔ سب سے کم ووٹ 1997ءکے انتخابات میں ڈالے گئے۔ 1970ءکے انتخابات میں ووٹروں کی کل تعداد 5 کروڑ 69 لاکھ 41 ہزار 500 تھی، اس الیکشن میں 3 کروڑ 40 لاکھ 88 ہزار 311 ووٹ ڈالے گئے۔ اس طرح اس الیکشن میں 57.96 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ 1985ءمیں انتخابات غیر جماعتی تھے، 3 کروڑ 25 لاکھ 37 ہزار 133 ہو گئی۔ اس الیکشن میں ایک کروڑ 74 لاکھ 68 ہزار 194 ووٹ ڈالے گئے جو 53.69 فیصد تھے۔ 1988ءکے انتخابات میں ملک میں جمہوریت بحال ہو چکی تھی اور مارشل لاءکی رخصتی کے بعد یہ پہلے الیکشن تھے۔ بے نظیر بھٹو پہلی مرتبہ کسی الیکشن میں حصہ لے رہی تھیں۔ اس الیکشن میں کل ووٹ 4 کروڑ 62 لاکھ 6 ہزار 55 کروڑ تھے۔ ان الیکشن میں ایک کروڑ 99 لاکھ 3 ہزار 172 ووٹ ڈالے گئے۔ اس طرح 43.03 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ 1990ءکے انتخابات پیپلز پارٹی کی حکومت کی قبل از وقت رخصتی کے بعد کرائے گئے۔ انتخابات میں ووٹروں کی کل تعداد 4 کروڑ 70 لاکھ 65 ہزار 330 تھی ۔ اس الیکشن میں 2 کروڑ 13 لاکھ 95 ہزار 479 ووٹ ڈالے گئے۔ اس طرح 45.46 فیصد ووٹروں نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔ 1993ءکے انتخابات صدر غلام اسحاق خان اور وزیراعظم نوازشریف کے درمیان لڑائی اور دونوں کی رخصتی کے بعد ہوئے۔ ان انتخابات میں ووٹروں کی کل تعداد 5 کروڑ 3 لاکھ 77 ہزار 915 تھی۔ اس الیکشن میں 2 کروڑ 2 لاکھ 93 ہزار 307 ووٹروں نے ووٹ ڈالے جو کل ووٹوں کا 40.28 فیصد تھے۔ 1997ءکے انتخابات صدر فاروق لغاری اور بینظیر بھٹو کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں 58(2)B کے ایک بار پھر استعمال اور بے نظیر بھٹو کی حکومت کی رخصتی کے باعث منعقد ہوئے۔ کل ووٹوں کی تعداد 5 کروڑ 50 لاکھ 68 ہزار 24 تھی جبکہ ان انتخابات میں صرف 35.42 فیصد ووٹروں نے اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا جو پاکستان کی انتخابی تاریخ میں سب سے کم شرح ہے۔ اسی الیکشن میں میاں محمد نوازشریف نے دوتہائی اکثریت حاصل کی۔ اس الیکشن میں ایک کروڑ 95 لاکھ 6 ہزار 855 ووٹ ڈالے گئے۔ 2002ءکے انتخابات جنرل (ر) پرویز مشرف کی فوجی حکومت نے کروائے۔ ووٹوں کی کل تعداد بڑھ کر 7 کروڑ 18 لاکھ 96 ہزار 36 ہوگئی۔ 41.74 فیصد ووٹ ڈالے گئے اور 3 کروڑ 11 ہزار 633 ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ 2008ءکے انتخابات بھی ایک بار پھر جنرل (ر) پرویز مشرف نے کروائے۔ ووٹروں کی تعداد 8 کروڑ سے تجاوز کرچکی تھی۔ 8 کروڑ 9 لاکھ 10 ہزار 318 ووٹروں میں سے 44 فیصد ووٹروں نے ہی اپنا ووٹ کا حق استعمال کیا اور 3 کروڑ 56 لاکھ 6 ہزار 688 ووٹ ڈالے گئے۔ آئندہ الیکشن کے لئے ووٹرز کی تعداد ساڑھے 8 کروڑ سے زائد ہو چکی ہے۔
70ءکے انتخابات میں سب سے زیادہ، 97ءمیں سب سے کم ووٹ ڈالے گئے
Mar 13, 2013