لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف کو صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کرنے، ریکارڈ ترقیاتی کام کرانے اور عظیم الشان منصوبے میٹروبس سروس کے اجرا پر تاجر برادری اور صنعتکاروں کے نمائندہ وفد نے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ محمد علی میاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے دن رات محنت کرکے گڈ گورننس کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ تاجر برادری وزیراعلیٰ کی عوامی خدمت کے اعتراف میں ان کے اعزاز میں عظیم الشان استقبالیہ دے گی۔ شاہ عالم بورڈ کے صدر خواجہ عامر نے کہا کہ میٹرو بس سروس وزیراعلیٰ کا تاریخی کارنامہ ہے۔ شیخ آصف نے کہاکہ شہبازشریف نے تاجر برادری کے مسائل حل کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ اعظم کلاتھ مارکیٹ کے ہمایوں میر نے کہاکہ آپ کا پانچ سالہ دور قابل فخر ہے، عابد مارکیٹ کے حاجی اظہر نے کہاکہ میٹروبس پراجیکٹ کی زد میں میری اراضی بھی آئی لیکن جب میں نے میٹروبس کو چلتے ہوئے دیکھا تو میرے دل سے دعا نکلی "جیو شہبازشریف۔۔جیو"۔ تاجر رہنماﺅں ناصر سعید ، ملک شفیق، طیب میر، رانا نوید، لیاقت سیٹھی، بابر محمود،حاجی اشفاق، رانا مجاہد اور دیگر نے کہا کہ "سونامی" لاہور کی مارکیٹوں میں غرق ہوچکا ہے۔