کراچی (ثناءنیوز) عافیہ موومنٹ کے زیر اہتمام قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے لگائے کیمپ ”10سال 10دن “ عافیہ آزادی کیمپ کا معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی نے دورہ کیا ۔ ان کا استقبال عافیہ موومنٹ کے ورکرز اور ڈاکٹر عذرا نے کیا ۔ا س موقع پر عبدالستار ایدھی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرتے ہوئے لکھا کہ ” میں ڈاکٹر عافیہ کے لئے امریکہ سے اپیل کرتا ہوں کہ انسانیت کے ناطے پر انہیں رہا کردیا جائے ۔ مجھے امید ہے کہ حکومت اس پر غور کرے گی اور اگر جیل دینی ہے تو مجھے دے دیں “۔ اس موقع پر ڈاکٹر عذرا نے انہیں بتاےا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے 10سالہ مسیحی طالب علم فہر امجد نے کراچی پریس کلب پر بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا تھا اور امرےکی صدر باراک اوبامہ سے ڈاکٹر عافیہ کو کرسمس گفٹ کے طورپر مانگا تھا اور فہر امجد نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے بدلے خود کو امرےکی جیل میں بند کرنے کی اپیل کی تھی تو معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی نے انتہائی جذباتی انداز میں صدر پاکستان آصف علی زرداری اور امرےکی صدر باراک اوبامہ سے انسانیت کے ناطے معصوم عافیہ کی رہائی کی اپیل کی اور کہا کہ جس قوم کے بچوں میں ایسا جذبہ پایا جائے اس قوم کا مستقبل روشن ہوگا اور ڈاکٹر عافیہ ضرور پاکستان آئے گی ۔